بلند شہر،14؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس کی جنرل سکریٹری اور اترپردیش کانگریس کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا آنے والے 14نومبر یعنی کل یوم اطفال کے موقع پر یہاں 14 اضلاع کے کانگریسی کارکنوں کو انتخابات میں جیت کا منتر سکھائیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش 14نومبر کو ہر سال یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ضلع کانگریس صدر چودھری شوپال سنگھ نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ پرینکا گاندھی واڈرا یہاں انوپ شہر میں پوجا پاٹ کریں گی اور اس کے بعد درگا پرساد بلجیت سنگھ ڈگری کالج میں منعقد پروگرام میں 14 اضلاع کے کانگریس عہدیداروں، سابق اراکین پارلیمان، اراکین اسمبلی اور پارٹی کے سرگرم کارکنوں کو انتخابی جیت کے منتر سکھائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران وہ کارکنوں اور عہدیداروں سے براہ راست تبادلہ خیال کریں گی۔ اس کا مقصد اسمبلی انتخابات میں پارٹی کارکنوں کو پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہدایات دینا ہے۔ اس موقع پر ریاستی کانگریس کے صدر اجئے کمار للو سمیت کانگریس کے کئی سینئر افسران بھی موجود ہوں گے۔